پاکستان - 12 جنوری 2026
صدر کی توثیق کے بغیر اسپیشل اکنامک زونز آرڈیننس، پیپلز پارٹی کا واک آؤٹ اور پارلیمانی پارٹی اجلاس طلب
پاکستان - 12 جنوری 2026
صدرِ مملکت کے دستخط کے بغیر اسپیشل اکنامک زونز آرڈیننس کے اجرا کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا اور اس حوالے سے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا ہے، جس میں وفاقی حکومت کے آئینی طریقہ کار اور قانون سازی کے عمل پر تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ارکانِ پارلیمنٹ کو اجلاس میں شرکت کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
اس موقع پر پی پی رہنما نوید قمر نے کہا کہ قانون سازی ایوان کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم حکومت نے پہلی بار ایسا آرڈیننس نافذ کیا جسے صدر کی منظوری حاصل نہیں،
اس لیے اس قانون کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، اور ایسے حالات میں پیپلز پارٹی ایوان کا حصہ نہیں بن سکتی۔
دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے سے آگاہ ہے اور جب تک صدرِ مملکت آرڈیننس کی توثیق نہیں کرتے، اسے نوٹیفائی نہیں کیا جائے گا۔
دیکھیں

