سستی بجلی، گیس اور ٹیکس مراعات صرف مخصوص طبقے تک محدود نہیں ہونی چاہئیں: مصدق ملک

news-banner

کاروبار - 14 جنوری 2026

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ مخصوص طبقے کو سستی بجلی، گیس اور ٹیکس میں رعایت دینے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے کیونکہ اس سے معاشی عدم توازن پیدا ہوتا ہے۔

 

پاکستان پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی اشاریے بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ خوشحالی کا واحد راستہ پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور ماحول دوست معاشی ترقی ہے، جو وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

 

مصدق ملک نے کہا کہ حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ہر شہری کو کام کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خوشحالی کا راستہ طاقت اور اثر و رسوخ تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

 

وفاقی وزیر کے مطابق ملکی معیشت میں نجی شعبہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کیے جائیں تو ترقی کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو خود کاروبار چلانے کے بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ نجکاری کوئی نظریاتی ایجنڈا نہیں بلکہ مارکیٹ میں موجود خرابیوں کو درست کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔