دنیا - 14 جنوری 2026
مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ کی ایران کو نئی دھمکی
دنیا - 14 جنوری 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو امریکا سخت کارروائی کرے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو ایران چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات ختم کر دیے گئے ہیں اور حکام سے طے شدہ ملاقاتیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قتل عام رکنے تک کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی اور ایران کو انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد بند کرنا چاہیے۔
صحافی کے ایک سوال پر کہ مظاہرین کی مدد کے لیے کوئی آ رہا ہے تو اس کا کیا مطلب ہے، صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس کا مفہوم خود سمجھنا ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے امن کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ایرانی جوہری صلاحیت کو ختم کر دیا ہے، جبکہ البغدادی اور قاسم سلیمانی کو مارنا بھی امریکی کامیابیوں میں شامل ہے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں امریکی صدر نے ایران میں احتجاج کرنے والوں کی کھلم کھلا حمایت کی اور انہیں احتجاج جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ ٹرمپ نے کہا کہ مدد پہنچنے والی ہے اور مظاہرین ایرانی اداروں کا کنٹرول سنبھال لیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ قاتلوں اور ظالموں کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
اس بیان پر ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ کے پیغام کو شیئر کیا اور امریکی صدر کے ساتھ اسرائیلی وزیراعظم کو بھی ایرانی عوام کا قاتل قرار دیا۔
دیکھیں

