پاکستان اور امریکی ڈیجیٹل فائنانشل ادارے کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں پر تعاون کا معاہدہ

news-banner

تازہ ترین - 14 جنوری 2026

حکومتِ پاکستان اور امریکا سے وابستہ ورلڈ لبرٹی فائنانشل کے ادارے ایس سی فائنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار مالیاتی جدت کے فروغ کے لیے بدھ کے روز ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

 

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

 

 حکومتی اعلامیے کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا مقصد سرحد پار لین دین کے لیے جدید ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر منظم مکالمے اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

 

پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جبکہ ورلڈ لبرٹی فائنانشل کی جانب سے اس کے سی ای او زکری وٹکوف نے معاہدے پر دستخط کیے۔

 

 اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، اعلیٰ عسکری و حکومتی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

 

وزیر اعظم نے وفد کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں اور مالیاتی جدت پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت کا اہم ستون ہیں۔

 

 انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا۔