پاکستان - 07 فروری 2026
جمہوریہ کانگو میں کولٹن کان منہدم، 200 سے زائد افراد ہلاک
دنیا - 31 جنوری 2026
افریقہ کے معدنی وسائل سے مالا مال مگر غربت کا شکار جمہوریہ کانگو میں روبایا کولٹن کان منہدم ہونے کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔
یہ حادثہ نارتھ کیوو صوبے میں گوما شہر سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال مغرب میں پیش آیا۔
صوبے میں ایم 23 باغی گروپ کے مقرر کردہ گورنر کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کان کن، بچے اور بازاروں میں کام کرنے والی خواتین شامل ہیں۔
کچھ افراد کو زندہ نکال لیا گیا، تاہم وہ شدید زخمی ہیں اور تقریباً 20 زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ بارشوں کے موسم کے دوران پیش آیا، جس کے باعث زمین کمزور ہو چکی تھی اور کان کے اندر موجود افراد پر مٹی بیٹھ گئی۔
کچھ لاشیں نکال لی گئی ہیں، تاہم خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی کان کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
مقامی کان کنوں کے مطابق تیز بارش کے بعد مٹی کا تودہ گرا جس نے لوگوں کو بہا دیا، کچھ افراد زندہ دفن ہو گئے جبکہ کچھ اب بھی سرنگوں میں موجود ہیں۔
روبایا کان دنیا کی تقریباً 15 فیصد کولٹن پیداوار فراہم کرتی ہے، جس سے ٹینٹالم تیار کیا جاتا ہے، جو موبائل فونز، کمپیوٹرز، خلائی آلات اور گیس ٹربائنز میں استعمال ہوتا ہے۔
یہ کان 2024 سے روانڈا کی حمایت یافتہ ایم 23 باغی گروپ کے کنٹرول میں ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق باغی گروپ کان کے وسائل کو بغاوت کے لیے فنڈنگ میں استعمال کر رہا ہے، تاہم روانڈا ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
واضح رہے کہ بے پناہ معدنی دولت کے باوجود کانگو کی 70 فیصد سے زائد آبادی روزانہ 2.15 ڈالر سے کم آمدن پر گزارا کر رہی ہے۔
دیکھیں

