سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون روکنے کی ویڈیوز بنانے پر قانونی کارروائی کا انتباہ
سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں کی ویڈیوز بنانے، ان کارروائیوں سے متعلق معلومات شائع کرنے اور ملبہ گرنے کے مقامات کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ جاری کردیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع کے مطابق میزائل اور ڈرون روکنے کی کارروائیوں کی ویڈیوز ریکارڈ کرنے یا ان سے متعلق معلومات شائع اور دوبارہ شیئر کرنے والے افراد کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سعودی حکام نے یہ تنبیہ عربی، انگریزی، اردو، ہندی اور بنگالی سمیت متعدد زبانوں میں جاری کی ہے تاکہ مختلف زبانیں بولنے والے افراد تک ہدایات پہنچائی جاسکیں۔
محکمہ شہری دفاع نے واضح کیا کہ انتباہ کو نظرانداز کرنے اور مقررہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ ہدایات ایسے وقت میں جاری کی گئی ہیں جب چند گھنٹے قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت مختلف علاقوں میں ابتدائی انتباہی نظام فعال کیے گئے تھے۔
ان علاقوں میں خطرے کے پیش نظر محکمہ شہری دفاع کی جانب سے شہریوں کو حفاظتی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
تاہم بعد ازاں سعودی محکمہ شہری دفاع نے اعلان کیا کہ متعلقہ علاقوں میں خطرہ ٹل گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو میزائل اور ڈرون روکنے کی کارروائیوں اور ان کے ملبے سے متعلق معلومات یا ویڈیوز کی تشہیر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔