انٹرٹینمنٹ - 03 فروری 2026
روس، یوکرین اور امریکا کے سہ فریقی مذاکرات مؤخر، ابوظہبی میں دوبارہ شیڈول
دنیا - 03 فروری 2026
ماسکو: کریملن نے اعلان کیا ہے کہ روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان سہ فریقی مذاکرات شیڈول میں ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ مذاکرات اتوار کو ہونے تھے، تاہم اب یہ ملاقات بدھ اور جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہوگی، اور نئے شیڈول کی باضابطہ تصدیق بھی ہو گئی ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ مذاکرات 4 اور 5 فروری کو ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ علاقائی تنازعات اب بھی ایک بڑا چیلنج ہیں، جبکہ روس اس بات پر زور دیتا ہے کہ کسی بھی امن معاہدے میں نئے زمینی حقائق کو تسلیم کیا جانا ضروری ہے۔
دوسری جانب یوکرینی قیادت کسی بھی قسم کی علاقائی رعایت کو مسترد کرتی رہی ہے۔
روس کے مؤقف کے مطابق اگر سفارتی کوششیں ناکام رہیں تو اپنے اہداف کے حصول کے لیے دیگر راستے بھی اختیار کیے جا سکتے ہیں، تاہم ماسکو اب بھی سیاسی حل کو ترجیح دیتا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں ہونے والا یہ دوسرا دور مستقبل کی سفارتی سمت کے تعین میں اہم ہو سکتا ہے، تاہم اختلافات کی شدت کو دیکھتے ہوئے فوری پیش رفت کی توقع کم ہے۔
یاد رہے کہ سہ فریقی مذاکرات کا پہلا دور 23 اور 24 جنوری کو ابوظہبی میں ہوا تھا، جو فروری 2022 کے بعد پہلا موقع تھا جب ماسکو، کیف اور واشنگٹن کے نمائندے ایک ہی میز پر بیٹھے۔
اگرچہ یہ بات چیت تعمیری قرار دی گئی، تاہم کسی حتمی معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا۔
دیکھیں

