سال 2025: سعودی عرب نے تقریباً دو کروڑ غیر ملکی حجاج و معتمرین کی میزبانی کی، اطمینان کی شرح 90 فیصد سے زائد

news-banner

دنیا - 03 فروری 2026

سعودی عرب نے سال 2025 کے دوران بیرونِ ملک سے آنے والے تقریباً دو کروڑ حجاج اور عمرہ زائرین کو مذہبی خدمات فراہم کیں۔

 

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قومی مرکز برائے سرکاری اداروں کی کارکردگی (اداء) نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2025 میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 95 لاکھ غیر ملکی حجاج و معتمرین نے سعودی عرب کا رخ کیا۔

 

رپورٹ کے مطابق زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر مجموعی اطمینان کی شرح 90 فیصد سے زیادہ رہی۔ 

 

زائرین کی خدمت کے خصوصی پروگرام کے تحت حجاج میں اطمینان کی شرح 91 فیصد جبکہ عمرہ زائرین میں یہ شرح 94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 

ادارہ اداء کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی جامع منصوبہ بندی، مؤثر انتظامی اقدامات اور 60 سے زائد سرکاری و نجی اداروں کے باہمی تعاون سے ممکن ہوئی، جس کے نتیجے میں زائرین کو مربوط اور معیاری خدمات فراہم کی گئیں۔