ماہرین کا انتباہ: چیچک جیسے وائرس مستقبل میں نئی عالمی وباء کا خطرہ بن سکتے ہیں

news-banner

تازہ ترین - 03 فروری 2026

ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں ایک نئی عالمی وباء کے امکانات موجود ہیں، جس کی وجہ چیچک سے ملتے جلتے وائرس بن سکتے ہیں۔

 

ماہرین کے مطابق مہلک بیماری چیچک، جسے طبی اصطلاح میں ویریولا وائرس کہا جاتا ہے، اگرچہ عالمی ادارۂ صحت کی زیرِ قیادت ویکسینیشن مہم کے بعد 1980 میں دنیا سے ختم کر دی گئی تھی، تاہم اس کے اثرات آج بھی عالمی صحت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

 

فی الحال چیچک کے وائرس کے انتہائی محدود اور محفوظ نمونے دنیا کی چند ہائی سیکیورٹی لیبارٹریز میں محفوظ ہیں، مگر سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ چیچک کے خاتمے کے بعد انسانوں میں دیگر پاکس وائرسز کے خلاف قدرتی مدافعت کم ہو چکی ہے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ آرتھوپاکس وائرس خاندان سے تعلق رکھنے والے وائرس چیچک کی جگہ لے سکتے ہیں، جن میں منکی پاکس، بوریل پاکس، بوفیلو پاکس اور کیمل پاکس شامل ہیں، اور یہ وائرس مستقبل میں کسی نئی عالمی وباء کا سبب بن سکتے ہیں۔

 

واضح رہے کہ 20ویں صدی میں چیچک کے باعث دنیا بھر میں تقریباً 50 کروڑ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جس کے باعث ماہرین ان ممکنہ خطرات کو سنجیدگی سے لینے پر زور دے رہے ہیں۔