بلاول بھٹو: پاکستانی عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، آزادی کی جدوجہد میں مکمل یکجہتی

news-banner

پاکستان - 05 فروری 2026

کراچی: یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کے حق آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

 

بلاول نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رہی ہیں، لیکن یہ مظالم کشمیری عوام کے حوصلے اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کمزور کرنے میں ناکام ہوئے ہیں، اور اب دنیا کی کوئی طاقت ان کی منزل کے حصول سے روک نہیں سکتی۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور یومِ یکجہتیِ کشمیر 5 فروری کو مقرر کیا، تاکہ کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا سکے۔

 

انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

 

 بلاول نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کے عزم پر قائم ہے۔