تازہ ترین - 18 فروری 2026
وزیر داخلہ سندھ نے رمضان میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی
پاکستان - 18 فروری 2026
کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان 2026 کے دوران صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور تینوں عشروں میں خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
وزیر نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور تراویح اجتماعات کی سخت نگرانی کی ہدایت کی اور افطار و سحر کے اوقات میں حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کو کہا۔
واک تھرو گیٹس اور جامع تلاشی نظام بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے بازاروں، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز میں مؤثر سیکیورٹی پلان مرتب کرنے، اسنیپ چیکنگ، موبائل گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول مانیٹرنگ کے ذریعے سی سی ٹی وی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے علمائے کرام کے ساتھ روابط مضبوط کرنے پر بھی زور دیا۔
افطار پوائنٹس اور دسترخوانوں کی سیکیورٹی کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں کے ساتھ مربوط اقدامات کیے جائیں۔
ٹریفک انتظامات کے حوالے سے مارکیٹس اور کاروباری مراکز میں رش کے پیش نظر سخت اقدامات کیے جائیں، اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات ہو اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شہریوں کو پیشگی ٹریفک ایڈوائزری سے آگاہ رکھا جائے۔
خصوصی گشت، ہیلپ ڈیسک اور ایمرجنسی رسپانس یونٹس کے قیام کے ساتھ ایمبولینس سروس الرٹ پر رکھی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پولیس، رینجرز اور متعلقہ اداروں کے اشتراک سے مربوط اور مؤثر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
دیکھیں

