کوہاٹ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملہ، ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار شہید

news-banner

پاکستان - 24 فروری 2026

کوہاٹ: (دنیا نیوز) کوہاٹ کے نواحی علاقے شکردرہ میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

 

پولیس حکام کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے شدید فائرنگ کی۔ 

 

ڈی پی او شہباز الہٰی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ڈی ایس پی اسد محمود اور ایس آئی انار گل سمیت پانچ اہلکار شہید ہوئے، جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

حکام کے مطابق شہداء میں ڈی ایس پی، ایس آئی، محافظ اور ڈرائیور شامل ہیں۔

 

 حملہ آور واردات کے بعد پولیس موبائل کو آگ لگا کر فرار ہوگئے، جس کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔