دنیا - 25 فروری 2026
ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ: ٹیرف پالیسی کے ذریعے پاک بھارت ممکنہ ایٹمی جنگ سمیت کئی تنازعات روکے
دنیا - 25 فروری 2026
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت کی ٹیرف پالیسی نے دنیا بھر میں کئی ممکنہ جنگیں روکنے میں اہم کردار ادا کیا، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیرف کے نفاذ کے باوجود مختلف ممالک امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
اپنے دوسرے صدارتی دور کے پہلے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں صدر ٹرمپ نے حکومتی شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار سنبھالتے وقت امریکا کو کمزور معیشت اور سنگین مسائل کا سامنا تھا، تاہم ایک سال کے اندر اصلاحات کے ذریعے معاشی صورتحال بہتر بنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں مہنگائی عروج پر تھی لیکن اب کم ہو کر 1.7 فیصد تک آ چکی ہے۔
ان کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ نئی بلندیوں پر ہے، ایندھن کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جبکہ تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار تاریخی سطح تک پہنچ گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی تصادم کے قریب پہنچ گئے تھے مگر ان کی سفارتی کوششوں کے باعث جنگ ٹل گئی اور کروڑوں جانیں بچ گئیں۔
سرحدی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ قانونی طور پر امریکا آنے والوں کی حوصلہ افزائی جاری ہے۔
ان کا دعویٰ تھا کہ ایک سال میں 18 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہوئی اور ٹِپ اور اوورٹائم پر ٹیکس ختم کیا گیا۔
خطاب کے دوران انہوں نے عالمی ٹیرف سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے نئے عالمی ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
خارجہ پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا اور ایران کے مسئلے کا حل سفارتکاری کے ذریعے چاہتے ہیں، تاہم ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خطاب کے دوران اس وقت ہنگامہ آرائی ہوئی جب ڈیموکریٹ رکن کانگریس ال گرین احتجاجی پلے کارڈ لہرانے پر ایوان سے باہر نکال دیے گئے۔
دیکھیں

