تازہ ترین - 26 فروری 2026
چمن: گھر میں گیس سلنڈر دھماکا، بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق
پاکستان - 26 فروری 2026
بلوچستان کے شہر چمن** کے علاقے طور پل میں ایک گھر کے کچن میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلخراش حادثہ پیش آیا، جس میں بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 25 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق 20 کلو وزنی گیس سلنڈر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے گھر کے کئی کمرے منہدم ہو گئے۔
دھماکے کی شدت کے باعث قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے سے 5 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ جاں بحق افراد میں خواتین بھی شامل ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا، جبکہ کسی ممکنہ تخریبی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ گیس سلنڈر دھماکا ہی معلوم ہوتا ہے، تاہم اصل وجوہات حتمی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
دیکھیں

