شوبز چھوڑنے کا کبھی خیال نہیں آیا، شہرت ملنا ناقابلِ یقین تجربہ تھا: سنبل اقبال

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 26 فروری 2026

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سنبل اقبال نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے بارے میں نہیں سوچا اور وہ اپنے کام اور مداحوں کی محبت پر دل سے شکر گزار ہیں۔

 

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سنبل اقبال نے اپنی ذاتی زندگی، شوبز مصروفیات، رمضان المبارک کی روایات اور بچپن کی یادوں پر کھل کر بات کی۔ 

 

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس پیشے کے لیے انسان اپنی زندگی کا بڑا حصہ وقف کرے، اسے اچانک چھوڑ دینا دانشمندی نہیں ہوتی۔

 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں جو بھی کردار ادا کیا، چاہے اچھا ہو یا کمزور، ناظرین نے اسے قبول کیا، جس پر وہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہیں۔ 

 

ان کے مطابق ہر شعبے میں مشکلات آتی ہیں لیکن ثابت قدمی اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے۔

 

کم عمری میں شہرت کے تجربے پر بات کرتے ہوئے سنبل اقبال نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ وہ اتنی مقبول ہو چکی ہیں۔ 

 

انہوں نے ایک واقعہ بیان کیا کہ جب وہ کالج کے بعد یونیورسٹی میں داخلہ لینے گئیں تو طلبہ انہیں ان کے ڈرامائی کردار کے نام سے پہچاننے لگے، مکالمے دہراتے اور تصاویر بنوانے لگے، جس کے باعث داخلہ فارم جمع کروانا بھی مشکل ہو گیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ سب خوشی کا باعث تھا، مگر روزانہ اس شہرت کے ساتھ یونیورسٹی جانا مشکل ہو گیا، اسی وجہ سے انہوں نے اپنی تعلیم پرائیویٹ طور پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔