علاقائی فوجی اڈوں پر حملوں میں بھاری جانی نقصان کا دعویٰ

news-banner

دنیا - 05 مارچ 2026

تہران: ایران کے ایک اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں فوجی اڈوں پر حملوں کے نتیجے میں تقریباً 500 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ حالیہ تنازع نے امریکی عوام کو ایک ایسی جنگ میں دھکیل دیا ہے جسے انہوں نے غیر منصفانہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں 500 سے زائد امریکی فوجی مارے جا چکے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی قیادت کے قتل کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

 

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں کئی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ خلیجی خطے میں مختلف فوجی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے بھی کیے گئے۔

 

 انہوں نے کہا کہ کویت اور بحرین میں بھی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا اور ایک ہی وقت میں درجنوں ڈرونز لانچ کیے گئے۔