یشما گل کا انکشاف: شوبز میں قدم رکھنے پر والد ایک سال تک ناراض رہے، بعد میں تعلقات بہتر ہوئے

news-banner

انٹرٹینمنٹ - 05 مارچ 2026

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ Yashma Gil نے بتایا ہے کہ شوبز کی دنیا میں آنے کے بعد ان کے والد ایک سال تک ان سے ناراض رہے اور ان سے بات چیت نہیں کی۔

 

یشما گل نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آسٹریلیا سے وطن واپس آ کر اداکاری کا آغاز کیا۔ 

 

ان کا کہنا ہے کہ شوبز کی دنیا ہمیشہ سے ان کی توجہ کا مرکز رہی، اسی لیے انہوں نے اسے اپنے کیریئر کے لیے منتخب کیا۔ 

 

آج وہ ڈرامہ انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام رکھتی ہیں اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں۔

 

حال ہی میں وہ ایک نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں اور ذاتی زندگی کے اہم پہلو بھی شیئر کیے۔ 

 

اداکارہ کے مطابق والد شوبز کے بارے میں عمومی تاثر کی وجہ سے اس پیشے کے مخالف تھے، جس کی وجہ سے باقاعدہ اداکاری شروع کرنے کے بعد والد نے ایک سال تک ان سے بات نہیں کی۔

 

یشما گل نے بتایا کہ ایک سال بعد رمضان کے دوران انہوں نے والد کو سلام کیا، جس کا جواب ملا اور یوں تعلقات میں بہتری کی ابتدا ہوئی۔ 

 

بعد میں جب اداکارہ نے عمرہ ادا کرنے کا ارادہ کیا تو والد نے ان کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا۔

 

اداکارہ کے مطابق اس سفر کے دوران والد نے دیکھا کہ لوگ ان کی بیٹی کو اس کے پیشے کی وجہ سے عزت اور احترام دے رہے ہیں، جس سے ان کا نقطہ نظر بدل گیا اور انہیں احساس ہوا کہ بیٹی صحیح راستے پر ہے۔ 

 

اس تجربے کے بعد والد اور بیٹی کے تعلقات میں بہتری آئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔

 

یشما گل کی یہ باتیں سوشل میڈیا پر بھی مداحوں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں، جہاں ان کے خاندانی تعلقات اور مفاہمت کو سراہا جا رہا ہے۔