ایران کی خاتون فٹبالر پریس کانفرنس میں جذباتی ہو گئیں

news-banner

کھیل - 05 مارچ 2026

2026ء اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کے دوران ایران کی خاتون فٹبالر سارہ دیدار پریس کانفرنس میں جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔

 

21 سالہ اسٹرائیکر نے کہا کہ ٹیم کو ایران میں اپنے اہلِ خانہ اور عزیزوں کی شدید فکر لاحق ہے۔ 

 

“ہم سب ایران میں پیش آنے والے حالات پر بہت پریشان اور غمزدہ ہیں۔”

 

آسٹریلیا کے خلاف گروپ اے کے میچ سے قبل سارہ نے امید ظاہر کی کہ جلد ایران کے لیے اچھی خبریں آئیں گی اور ایران مضبوطی کے ساتھ قائم رہے گا۔

 

ایرانی ٹیم کی ہیڈ کوچ مرزیہ جعفری نے کہا کہ اگرچہ ٹیم اپنے اہلِ خانہ اور عوام کی سلامتی کے حوالے سے شدید تشویش میں ہے، وہ پیشہ ورانہ انداز میں کھیلنے اور میچ پر توجہ مرکوز رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

 

آسٹریلیا کے کوچ جو مونٹیمورو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اور شائقین ایرانی ٹیم کے ساتھ ہمدردی اور احترام کا مظاہرہ کریں۔

 

ایران کی ٹیم نے پہلے میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف قومی ترانے کے دوران خاموشی اختیار کی تھی، جبکہ شائقین نے قومی پرچم لہرا کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔

 

ایران میں بلیک آؤٹ کے باعث کھلاڑیوں کا اپنے اہلِ خانہ سے رابطہ محدود ہے، تاہم ٹیم پہلے ہی میچ سے قبل آسٹریلیا پہنچ چکی تھی۔