دنیا - 07 مارچ 2026
بلوچستان میں دو کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشت گرد ہلاک
پاکستان - 07 مارچ 2026
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کارروائی ضلع ہرنائی میں کی گئی جہاں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
دوسری کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بسیمہ میں کی گئی جہاں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیار استعمال کرتے ہوئے 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے اور یہ عناصر مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
بیان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
دیکھیں

