پاکستان میں پٹرول خطے میں سب سے مہنگا، مہنگائی میں نئے اضافے کا خدشہ

news-banner

کاروبار - 07 مارچ 2026

پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک خطے میں سب سے مہنگا پٹرول فروخت کرنے والا ملک بن گیا ہے جس سے مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

 

حکومت کی جانب سے فی لٹر 55 روپے اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

 

 شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے کیونکہ اس اضافے سے عوام پر مزید معاشی بوجھ پڑے گا۔

 

ماہرین کے مطابق پٹرول مہنگا ہونے کے اثرات صرف ایندھن تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں کیونکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

 

رپورٹس کے مطابق بھارت میں ایک لٹر پٹرول کی قیمت تقریباً 94 روپے 77 پیسے، سری لنکا میں تقریباً 293 روپے جبکہ بنگلہ دیش میں ایک لٹر پٹرول 116 ٹکا میں فروخت ہو رہا ہے جو پاکستان کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

 

پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

 

دوسری جانب پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر دیا گیا ہے۔