دنیا - 07 مارچ 2026
پٹرول مہنگا ہوتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بڑا اضافہ
کاروبار - 07 مارچ 2026
پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مختلف روٹس پر کرایوں میں 300 سے 600 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 2600 سے بڑھا کر 3000 روپے جبکہ لاہور سے پشاور کا کرایہ 2890 سے بڑھا کر 3500 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1300 سے بڑھا کر 1550 روپے اور لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1200 سے بڑھا کر 1350 روپے کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ بھی 8000 سے بڑھا کر 8600 روپے ہو گیا ہے۔
مزید برآں لاہور سے حیدرآباد کا کرایہ 8650 سے 9200 روپے، لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 4000 سے بڑھا کر 4250 روپے جبکہ لاہور سے مری کا کرایہ 2790 سے بڑھا کر 3300 روپے کر دیا گیا ہے۔
لاری اڈے پر موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے اور عام آدمی کے لیے سفر کرنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹروں کا مؤقف ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اور سپیئر پارٹس مہنگے ہونے کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے، بصورت دیگر گاڑیاں چلانا ممکن نہیں رہے گا۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ مزید مہنگائی سے بچا جا سکے۔
دیکھیں

