خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 دہشت گرد ہلاک

news-banner

پاکستان - 08 مارچ 2026

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 جھڑپوں میں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

 

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔

 

ضلع باجوڑ میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

 

اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو الگ مقابلوں کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ خیبر اور جنوبی وزیرستان میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران مزید 5 دہشت گرد مارے گئے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہیں۔