توانائی میں خودمختاری کے لیے او جی ڈی سی ایل کی حکمتِ عملی، مقامی پیداوار بڑھانے پر توجہ

news-banner

کاروبار - 08 مارچ 2026

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیشِ نظر پاکستان توانائی کے شعبے میں خودمختاری کے لیے مقامی وسائل کے استعمال اور پیداوار میں اضافے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے قدرتی گیس کی پیداوار میں 5 فیصد اضافے کے ساتھ یومیہ 865 ملین مکعب فٹ پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ خام تیل کی پیداوار میں 14 فیصد اضافے کے لیے یومیہ 40 ہزار بیرل پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی وسائل کا استعمال اور قومی آئل کمپنیوں کے ذریعے پیداوار بڑھانا عالمی توانائی بحران کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک اقدام ہے۔ 

 

او جی ڈی سی ایل متبادل توانائی ذرائع تلاش کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔

 

ماہرِ توانائی محمد عارف کے مطابق موجودہ معاشی حالات میں قومی آئل کمپنیوں پر انحصار تیل و گیس کی درآمدات میں کمی لانے اور توانائی کے شعبے کو مستحکم کرنے میں مددگار ہوگا۔

 

ادھر حکومت پاکستان اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) بھی توانائی کے شعبے کی ترقی اور خود کفالت کے لیے فعال اقدامات کر رہے ہیں۔