چیف الیکشن کمشنر: بدقسمتی سے حکومت بلدیاتی انتخابات کو نظر انداز کر رہی ہے

news-banner

پاکستان - 10 مارچ 2026

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر سماعت کے دوران کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی حکومت اور انتخابات کو نظر انداز کر رہی ہے۔

 

الیکشن کمیشن میں سماعت کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی طبیعت ناساز ہونے کے باعث پیش نہ ہو سکے، تاہم سیکرٹری داخلہ نے شرکت کی، اور چیف الیکشن کمشنر نے وزیر کو استثنا دیا۔

 

الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ یونین کونسل کے نام ڈرافٹ میں شامل کرنا سیکرٹری داخلہ کا اختیار نہیں بلکہ یہ کمیشن کا مینڈیٹ ہے۔

 

 ڈرافٹ نوٹیفکیشن درست نہیں تھا، کیونکہ اس میں صحیح یونین کونسل نمبر اور نام شامل نہیں کیے گئے تھے۔ سیکرٹری داخلہ نے یونین کونسل کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی اور غیر ضروری وارڈ کی تفصیلات شامل کر دی تھیں۔

 

سیکرٹری داخلہ نے توہین کے نوٹس پر معذرت کی اور بتایا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے ڈرافٹ نوٹیفکیشن کابینہ کے سامنے پیش کیا جا چکا ہے اور وزارت قانون کی جانب سے جواب موصول ہو چکا ہے۔

 

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ فروری 2021 سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔ گزشتہ حکومتوں نے مقامی حکومت کے معاملات پر مثبت رسپانس دیا، لیکن موجودہ حکومت نے الیکشن کمیشن اور بلدیاتی اداروں کو نظر انداز کیا، جس پر توہین کا نوٹس جاری کرنا پڑا۔

 

سیکرٹری داخلہ کی موجودگی میں نوٹس واپس لے لیا گیا اور اعلان کیا گیا کہ الیکشن کمیشن اور آئی سی ٹی اہلکاروں پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کی سربراہی چیف کمشنر یا ڈی سی کریں گے تاکہ انتخابات کے معاملات درست سمت میں چل سکیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں انتخابات کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے اور اب مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ سماعت بعد میں مزید کارروائی کے لیے ملتوی کر دی گئی۔