پاکستان - 18 مارچ 2026
اعلیٰ رہنماؤں کی شہادت سے نظام کو ہلایا نہیں جا سکتا: ایرانی وزیر خارجہ
دنیا - 18 مارچ 2026
تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اعلیٰ رہنماؤں کی شہادت سے ایران کے نظام کو ہلایا نہیں جا سکتا، کیونکہ یہ ایک ایسا نظام ہے جو مضبوط اداروں پر قائم ہے۔
الجزیرہ کو انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا سیاسی نظام مستحکم ہے، سیاسی، اقتصادی اور سماجی ادارے مضبوط ہیں، ایک فرد کی موجودگی یا غیر موجودگی اس مضبوط ڈھانچے کو متاثر نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص کا کردار اہم ہے، لیکن سیاسی نظام کی مضبوطی سب سے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں ہونے والے نقصان کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے، امریکی جارحیت اور ایران کے ردعمل کے باعث خطے کے عوام متاثر ہوئے، اسی لیے ایرانی صدر نے معذرت بھی کی۔
ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ صرف اپنا دفاع کر رہا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک اہم آبی گزرگاہ ہے اور دشمنوں کو اس کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاری جنگ کے باعث کئی ممالک خود بھی آبنائے ہرمز کے استعمال سے گریز کر رہے ہیں اور جنگ کے بعد اس کے لیے نئے ضوابط بنائے جائیں گے۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ دولت، مذہب یا نسل سے قطع نظر ہمارا دشمن ایک ہے، یورپی اور امریکی حکام کی بڑی تعداد اس جنگ کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے اور ایران پر جنگ کو غیر منصفانہ قرار دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے دیگر اراکین کو بھی اسی راستے پر چلنا چاہیے، عالمی اثرات کا سلسلہ ابھی شروع ہوا ہے اور یہ سب کو متاثر کرے گا۔
دیکھیں

