تازہ ترین - 19 مارچ 2026
کراچی میں آندھی اور تیز بارش سے تباہی، مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق
تازہ ترین - 19 مارچ 2026
کراچی: شہر قائد میں آندھی کے ساتھ تیز بارش نے شدید تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
بلدیہ مدینہ کالونی میں دیوار گرنے سے 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے کے واقعات پیش آئے۔
سرجانی ٹاؤن میں زیر تعمیر عمارت کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ مچھر کالونی میں مکان کی چھت گر گئی۔
تیز ہواؤں کے باعث شہر بھر میں نقصان ہوا، ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ شارع فیصل پر 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
آندھی اور بارش کے باعث بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا اور 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
کلفٹن، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ایف بی ایریا، صدر اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری رہی جبکہ کئی مقامات پر درخت اور بل بورڈ بھی گر گئے۔
ریسکیو ٹیمیں مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
دیکھیں

