جنگ کا 21 واں روز: پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نائینی شہید

news-banner

دنیا - 20 مارچ 2026

 مشرق وسطیٰ میں جنگ کا 21 واں روز ہے اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے سائے میں عید منائی جا رہی ہے۔

 

 ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے رات بھر جاری رہے، ایران نے جوابی کارروائی میں اسرائیل کی بڑی ریفائنری کو نشانہ بنایا جس سے بجلی بند ہو گئی، جبکہ امریکا کا غرور ایف 35 بھی نشانہ بنا۔

 

 امریکی اسرائیلی جارحیت سے مزید شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

 

ایران میں آج تیسواں روزہ رکھا گیا ہے اور کل عید الفطر منائی جائے گی، تاہم شہری مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

 

 28 فروری سے اب تک ایران میں 3,186 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں کم از کم 210 بچوں سمیت 1,394 عام شہری شامل ہیں۔

 

 جاں بحق ہونے والوں میں 1,153 فوجی جبکہ 639 اموات کا تعین نہیں ہو سکا۔

 

لبنان میں بھی شہادتیں ایک ہزار کے قریب ہیں جبکہ ہزاروں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

 

 اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز عید ادا کرنے سے روک دیا، مسلمانوں نے مسجد کے باہر نماز ادا کی۔

 

پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔

 

 امریکی و اسرائیلی حملوں سے مشرقی تہران اور صوبہ کرمان میں دھماکے ہوئے۔

 

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ برطانیہ امریکا کو فوجی اڈے فراہم کرے تو یہ جارحیت میں شمولیت تصور ہوگی، اور ایسے ممالک کو جنگ کا حصہ سمجھا جائے گا۔ 

 

پاسداران انقلاب نے میزائل پروگرام میں کمی نہ آنے اور دفاعی صنعت کی مکمل فعالیت کا اعلان کیا۔

 

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے امریکا اور اسرائیل سے ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور بحرین پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملے جاری ہیں، یورپی یونین نے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا۔

 

 امریکی بی ون بمبار طیارہ ایران پر حملے کے بعد برطانیہ پہنچ گیا۔ امریکا مزید جنگی جہاز اور فوج بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔

 

ایران جنگ میں اب تک امریکا کے 16 جنگی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جن میں 10 ریپر ڈرون شامل ہیں اور 6 امریکی جنگی جہاز شدید نقصان میں ہیں۔

 

 پاسداران انقلاب نے ایف 35 کو نشانہ بنایا، امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق طیارہ بحفاظت اترا اور تحقیقات جاری ہیں۔

 

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ صیہونی حکومت ریاستی دہشت گردی پر مبنی ہے، اور امریکا کی ایران پر جارحیت اور سپریم لیڈر کی شہادت نے نیا معیار قائم کیا ہے۔

 

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بتایا کہ ساؤتھ پارس پر حملہ اسرائیل نے کیا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید حملے روکے، اور ایران کی میزائل اور یورینیم افزودگی صلاحیت ختم کر دی، جنگ توقع سے تیزی سے ختم ہو سکتی ہے۔