کھیل - 24 مارچ 2026
ایران اور امریکا راضی ہوں تو ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کیلئے پاکستان تیار
دنیا - 24 مارچ 2026
اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ اگر ایران اور امریکا دونوں فریق رضامند ہوں تو وہ ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں الجزیرہ، رائٹرز اور ایکزیوس کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور مصر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے سی این این سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ہر وقت مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی ممکنہ مذاکرات کا انحصار متعلقہ فریقین کی رضامندی پر ہوگا۔
پاکستان خطے میں سفارتی حل اور امن قائم رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی اور ایرانی قیادت کے بیانات میں تضاد پایا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ہوئے اور اہم نکات پر پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ ایرانی قیادت نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے جعلی قرار دیا۔
ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ جلد جنگ ختم کرنے کے لیے کوئی معاہدہ ممکن ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق بات چیت اس سطح تک پہنچ سکتی ہے کہ رواں ہفتے اسلام آباد میں اعلیٰ امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان ممکنہ ملاقات ہو۔
الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ سفارتی کوششیں جاری ہیں، لیکن کئی اہم معاملات ابھی حل طلب ہیں، جن میں امریکا سے جنگ کو ایران کے خلاف جارحیت تسلیم کرنے اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ شامل ہے۔
ایران نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی ممکنہ امریکی کارروائی کی صورت میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یہ تنازع ایران اور امریکا تک محدود نہیں بلکہ خلیجی ممالک، اسرائیل اور حزب اللہ سمیت دیگر فریقین بھی شامل ہیں، جس کی وجہ سے حتمی معاہدے تک پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان خود کو جنگ کے خاتمے کے لیے ایک اہم ثالث کے طور پر پیش کر رہا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حال ہی میں صدر ٹرمپ سے بات کی، جبکہ پاکستانی حکام تہران اور امریکی نمائندوں کے درمیان بیک چینل رابطے کروا رہے ہیں۔
ایکزیوس کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور مصر نے امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کیا اور بالواسطہ مذاکرات کو آگے بڑھایا۔
دیکھیں

