ہائی کولیسٹرول دبلے افراد میں بھی دل کے دورے کا سبب بن سکتا ہے، ماہر امراض قلب

news-banner

تازہ ترین - 24 مارچ 2026

اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دل کے دورے صرف زیادہ وزن والے اور غیر فعال افراد کو لاحق ہوتے ہیں، لیکن ماہر امراضِ قلب ڈاکٹر اولیور گٹ مین کے مطابق یہ تصور غلط اور خطرناک ہو سکتا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ ہائی کولیسٹرول دل کی بیماری کا ایک بڑا سبب ہے اور یہ فٹ اور دبلے پتلے افراد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ 

 

صرف جسمانی ساخت پر اعتماد کرنا کافی نہیں، کیونکہ کولیسٹرول کی سطح پر جینیات، خوراک، عمر اور جسمانی سرگرمی بھی اثر ڈالتی ہیں۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ کولیسٹرول اکثر کوئی علامات ظاہر نہیں کرتا، اسی لیے اسے "خاموش قاتل" کہا جاتا ہے۔ 

 

نقصاندہ ایل ڈی ایل کولیسٹرول شریانوں میں جمع ہو کر خون کی نالیوں کو تنگ کر دیتا ہے، جس سے دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے، جبکہ ایچ ڈی ایل کولیسٹرول نقصان دہ کولیسٹرول کو جگر تک لے جا کر ختم کرتا ہے۔

 

ڈاکٹر گٹ مین نے کہا کہ صرف کل کولیسٹرول کا نمبر خطرے کی مکمل تصویر نہیں دکھاتا، بلکہ اچھے اور برے کولیسٹرول کا توازن، بلڈ پریشر، عمر، سگریٹ نوشی، ذیابیطس اور فیملی ہسٹری بھی خطرے کا تعین کرتے ہیں۔ 

 

لہٰذا دبلے اور متحرک افراد بھی کولیسٹرول کی جانچ کراتے رہیں، کیونکہ دبلا ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ کولیسٹرول صحت مند ہے۔