امریکا اور اسرائیل نے 2 ایرانی رہنماؤں کو عارضی طور پر ٹارگٹ لسٹ سے ہٹادیا

news-banner

دنیا - 26 مارچ 2026

واشنگٹن: امریکی حکام کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے ممکنہ امن مذاکرات کے پیش نظر دو سینئر ایرانی عہدیداروں کو عارضی طور پر ہدفی فہرست سے نکال دیا ہے۔

 

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کا نام 4 سے 5 دن کے لیے ٹارگٹ لسٹ سے ہٹایا گیا ہے۔

 

یہ اقدام ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے تناظر میں کیا گیا۔

 

رپورٹ کے مطابق ترکی، پاکستان اور مصر کے ثالث امریکا اور ایران کے درمیان فوری مذاکرات کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ جنگ بندی ممکن ہو اور بعد ازاں مذاکرات ہو سکیں۔

 

تاہم حکام کے مطابق امریکا اور ایران کی شرائط میں بڑے اختلافات کی وجہ سے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات کم ہیں۔