مشرق وسطیٰ میں ثالثی کیلئے اسلام آباد میں اہم اجلاس، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ پہنچ گئے

news-banner

دنیا - 29 مارچ 2026

مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ اسلام آباد میں دفتر خارجہ پہنچ گئے ہیں جبکہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد بھی متوقع ہے۔

 

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے مضبوط دوطرفہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور ایران سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی، اور دونوں ممالک نے کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔

 

وزرائے خارجہ نے امن و استحکام کے لیے قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان اور ترکیہ کا مؤقف مشترکہ ہے۔

 

آج اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ تنازع پر ثالثی کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے رہنما شرکت کریں گے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔