دنیا - 29 مارچ 2026
چھ سال بعد پی آئی اے کی لندن کیلئے براہ راست پروازیں بحال
پاکستان - 29 مارچ 2026
قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی لندن کیلئے براہ راست پروازیں چھ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ بحال ہو گئی ہیں، اور پہلی پرواز 29 مارچ کو اسلام آباد سے روانہ ہوئی۔
پروازوں کی بحالی کی افتتاحی تقریب سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد علی اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے مشترکہ طور پر کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے لندن کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کراچی سے بھی جلد پروازوں کا آغاز ہونا چاہیے، کیونکہ لاکھوں پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد علی نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کیلئے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور لندن کا تعلق دہائیوں پر محیط ہے جو گزشتہ چھ سال سے معطل تھا اور اب دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات موجود ہیں اور اس پیش رفت سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا اور برطانوی ہائی کمشنر کی خصوصی دلچسپی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
دیکھیں

