حکومتی فیصلوں کے باعث ملکی ضروریات کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے: وزیراعظم

news-banner

پاکستان - 29 مارچ 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے مناسب مقدار میں موجود ہیں۔

 

انہوں نے خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری سے متعلق اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔

 

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے تاکہ ملکی طلب پوری ہو سکے۔

 

 انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے ذریعے فراہم کیے تاکہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔

 

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دیں۔

 

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو اپنی ملکیت میں رجسٹریشن کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ملک بھر میں ان کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو سکے اور مستقبل میں حکومتی ریلیف سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

 

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز کے ساتھ رابطے مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔