صدر ٹرمپ 6 اپریل کی ڈیڈلائن سے قبل ایران سے ڈیل چاہتے ہیں: ترجمان وائٹ ہاؤس

news-banner

دنیا - 31 مارچ 2026

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ سے متعلق اچھی بات چیت ہو رہی ہے اور ایران نے امریکا کی کچھ تجاویز پر اتفاق کر لیا ہے۔

 

پریس بریفنگ کے دوران کیرولین لیوٹ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ 6 اپریل کی ڈیڈلائن سے پہلے ایران سے ڈیل چاہتے ہیں اور ایران جنگ مجموعی طور پر 4 سے 6 ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر کچھ بتانے اور عوامی لحاظ سے کچھ کہنے میں فرق ہوتا ہے، ایران نے جو کچھ ذاتی طور پر کہا ہے اسے جانچا جائے گا۔

 

کیرولین لیوٹ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ عرب ممالک سے جنگ کے اخراجات میں مدد لینے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔

 

 صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ خلیجی ممالک ایران جنگ کے اخراجات میں اپنا حصہ ڈالیں، یہ فی الحال ایک تجویز ہے اور حتمی فیصلہ صدر خود کریں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے جانب سے آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس لینے کی حمایت نہیں کرتا، اور توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں آبنائے ہرمز سے تقریباً 20 ٹینکرز گزریں گے۔

 

ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ امریکا نے انسانی وجوہات کی بنیاد پر روس کو آئل ٹینکر کیوبا بھیجنے کی اجازت دی، اور کیوبا سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

 

یاد رہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی تردید کی ہے۔

 

 ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ کوئی براہِ راست بات چیت نہیں ہوئی، پیغامات ثالثوں کے ذریعے پہنچائے گئے۔