تازہ ترین - 31 مارچ 2026
حکومت نے دو ماہ میں صارفین کو 26 ارب 85 کروڑ روپے کا ریلیف دیا: ترجمان پاور ڈویژن
کاروبار - 31 مارچ 2026
اسلام آباد میں ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور بجلی صارفین کو خاطر خواہ سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق حکومت اب تک بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 46 ارب 56 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کر چکی ہے، جبکہ بجلی ٹیرف میں مجموعی طور پر 71 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جہاں گزشتہ دو سال میں ٹیرف 49.19 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر 34.75 روپے فی یونٹ ہو گیا ہے، یعنی 14.44 روپے فی یونٹ کمی ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق جنوری اور فروری کے دوران صارفین کو 26 ارب 85 کروڑ روپے کا خالص ریلیف دیا گیا، جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 48 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔
ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں 21.18 ارب روپے کا اضافہ ہوا، تاہم مجموعی طور پر صارفین کو ریلیف ہی ملا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جولائی سے فروری تک صارفین کو 33 ارب 29 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا، جس میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے 13.28 ارب اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس سے 33.29 ارب روپے کا ریلیف شامل ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی ایندھن قیمتوں کے دباؤ کو خود برداشت کیا ہے اور بجلی قیمتوں میں استحکام کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ صارفین کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
دیکھیں

