تازہ ترین - 06 اپریل 2026
مقاصد کی تکمیل تک جنگ جاری رہے گی، ٹرمپ کا ایران پر مزید حملوں کا اعلان
دنیا - 02 اپریل 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر آئندہ دو سے تین ہفتوں میں مزید شدید حملے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔
عوام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی کو ایک مہینہ ہو چکا ہے اور اس دوران امریکی فوج نے فیصلہ کن حملے کیے ہیں۔
ان کا دعویٰ تھا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، کئی رہنما ختم ہو چکے ہیں اور جوہری صلاحیت بھی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کا مشکل مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اسٹریٹجک مقاصد تکمیل کے قریب ہیں، تاہم مکمل کامیابی تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ٹرمپ نے ایران کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اشارہ دیتے ہوئے سخت دھمکی بھی دی اور کہا کہ ایران کو پتھر کے زمانے میں پہنچا دیا جائے گا۔
انہوں نے جنگ میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور ایرانی حکومت پر 45 ہزار مظاہرین کو قتل کرنے کا الزام بھی عائد کیا، تاہم اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ کو آبنائے ہرمز کی ضرورت نہیں، جبکہ دیگر ممالک اپنی ضروریات کے مطابق تیل حاصل کریں گے۔
انہوں نے اسرائیل، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین کو اہم ممالک قرار دیتے ہوئے ان کے تحفظ کی یقین دہانی بھی کرائی۔
تیل کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم امریکہ اب تیل اور گیس پیدا کرنے والا بڑا ملک بن چکا ہے۔
آخر میں انہوں نے ناسا کو آرٹیمس مشن کے آغاز پر مبارکباد دی اور اس کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دیکھیں

