تازہ ترین - 02 اپریل 2026
سہیل آفریدی کی وفاقی حکومت کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی مخالفت، فنڈز کی عدم فراہمی پر اعتراض
پاکستان - 02 اپریل 2026
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کے فیصلے کی مخالفت کر دی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی پالیسیاں تو بنا دی جاتی ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تو وہ اس کی مخالفت کریں گے اور وہ پہلے ہی اس معاملے پر اپنا مؤقف سامنے رکھ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ متعدد ملاقاتیں ہوئیں جن میں انہوں نے صوبے اور عوام کے مسائل اٹھائے، تاہم ان کے مطابق خیبرپختونخوا کو اس کا حق نہیں دیا جا رہا، خاص طور پر این ایف سی میں صوبے کے حصے کے حوالے سے غیر آئینی تقسیم کی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ قومی پالیسی کے تحت متاثرین کو بھی ان کا حق نہیں دیا جا رہا، جبکہ صوبائی حکومت آپریشنز سے متاثرہ افراد کی مدد اپنے وسائل سے کر رہی ہے اور اب تک اس مد میں تقریباً 15 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے خیبرپختونخوا کو اربوں روپے کا نقصان ہوا لیکن وفاقی حکومت نے کوئی مالی امداد فراہم نہیں کی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے وسائل سے متاثرین کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ دوسری جانب صوبے کے بجٹ میں 20 سے 30 ارب روپے تک کٹوتی بھی کی جا رہی ہے۔
دیکھیں

