بنوں میں پولیس سٹیشن پر خودکش حملہ، 5 افراد جاں بحق

news-banner

پاکستان - 03 اپریل 2026

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے ڈومیل پولیس سٹیشن پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔ 

 

پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے ڈومیل میں ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے باعث 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہو گئے۔

 

 ریجنل پولیس افسر سجاد خان کے مطابق دھماکے سے نہ صرف پولیس اسٹیشن کو نقصان پہنچا بلکہ قریبی رہائشی مکانات بھی متاثر ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 3 خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی نوعیت اور طریقہ کار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کارروائی منظم منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، جس میں دہشت گرد نیٹ ورکس ملوث ہو سکتے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔