امریکی فوج کے چیف آف سٹاف اور اٹارنی جنرل برطرف

news-banner

دنیا - 03 اپریل 2026

امریکی محکمہ دفاع نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کر دی ہے۔

 

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل رینڈی اے جارج فوری طور پر امریکی فوج کے 41ویں چیف آف سٹاف کے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں

 

خیال رہے اس سے قبل امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے فوج کے چیف آف سٹاف جنرل رینڈی جارج کو عہدہ چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

 

 

ایک ذریعے نے سی بی ایس کو بتایا کہ ہیگسیتھ چاہتے ہیں کہ جنرل رینڈی جارج کی جگہ ایسا افسر اس عہدے پر لایا جائے جو امریکی فوج کے لیے صدر ٹرمپ اور ان کے وژن پر عملدرآمد کرے۔

 

 

دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل پام بونڈی کو امریکہ کی اعلیٰ ترین قانون نافذ کرنے والی عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ اٹارنی جنرل پام بونڈی صدر ٹرمپ کی دیرینہ اتحادی اور ان کی انتظامیہ کی مضبوط حمایتی رہی ہیں۔

 

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ان کی تعریف کی اور کہا کہ وہ نجی شعبے میں ایک کردار کی طرف ’منتقل‘ ہو رہی ہیں۔

 

 

بونڈی کا محکمہ انصاف کی سربراہی کا دور اکثر جیفری ایپسٹین سے متعلق فائلوں کے اجرا اور اس مجرم جنسی مجرم کی تحقیقات کے معاملے کی وجہ سے زیرِ سایہ رہا۔

 

 

وہ حالیہ ہفتوں میں ٹرمپ انتظامیہ کی دوسری عہدیدار ہیں جنھیں عہدے سے ہٹایا گیا، اس سے پہلے مارچ میں کرسٹی نوم کو ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ کے طور پر ہٹا دیا گیا تھا۔ بونڈی کی جگہ ان کے سابق نائب ٹوڈ بلانش لیں گے۔

 

بونڈی نے کہا کہ وہ بلانش کو اپنا کام منتقل کرنے کے لیے تیار ہیں اور مزید کہا کہ یہ عہدہ ان کی زندگی کا ’اعزاز‘ رہا ہے۔

 

 

انھوں نے مزید کہا کہ اپنے نئے نجی شعبے کے عہدے میں جس کی انھوں نے نشاندہی نہیں کی وہ ’صدر ٹرمپ اور اس انتظامیہ کے لیے لڑائی جاری رکھیں گی۔

 

 

یہ اعلان اس جارحانہ کانگریسی سماعت کے دو ماہ سے بھی کم عرصے بعد سامنے آیا ہے جس میں بونڈی سے قانون سازوں نے سخت سوالات کیے اور اس دوران معاملہ چیخ و پکار تک جا پہنچا جہاں انھوں نے ایک ڈیموکریٹ کو ’ناکام اور بیکار شخص‘ تک کہہ دیا تھا۔

 

 جمعرات کی صبح تک بھی ٹرمپ بونڈی کا دفاع کر رہے تھے اور انھوں نے کہا  تھا کہ ’وہ ایک شاندار شخصیت کی مالک ہیں اور وہ اچھا کام کر رہی ہیں۔