پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، حکومت نے نئی قیمتیں جاری کر دیں

news-banner

کاروبار - 03 اپریل 2026

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ 

 

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ 

 

ڈیزل کی قیمت 184 روپے 49 پیسے اضافے کے بعد 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

 

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور یہ آج رات 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔ 

 

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اور حکومت نے کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے اخراجات میں کمی کی، تاکہ عوام پر اضافی بوجھ کم سے کم پڑے۔

 

علی پرویز ملک نے بتایا کہ اب سبسڈی کے نظام میں تبدیلی کی گئی ہے، اور بلینکٹ سبسڈی ختم کر کے ٹارگٹڈ سبسڈی کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ حقیقی ضرورت مند طبقوں کو فائدہ پہنچے۔ 

 

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ موٹر سائیکل والوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، اور ٹرک و گڈز ٹرانسپورٹ کو ماہانہ 70 ہزار روپے فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

 

حکومت نے زور دیا کہ ایندھن کی بچت، بجلی کی پیداواری لاگت اور مارکیٹ کے اوقات کار پر نظر ثانی کے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ معاشی چیلنجز کے باوجود عوام کو مناسب سہولیات فراہم کی جا سکیں۔