تازہ ترین - 04 اپریل 2026
خیرپور میں بچوں میں منکی پاکس وباء کی تصدیق
تازہ ترین - 04 اپریل 2026
سندھ کے ضلع خیرپور میں بچوں میں منکی پاکس وباء کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، سندھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری نے اس ہفتے تین بچوں میں منکی پاکس کی تصدیق کی ہے۔
خیرپور کے بچوں میں یہ وباء گذشتہ 12 دن سے جاری تھی۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ سندھ کے ڈائریکٹر جنرل صحت نے 24 مارچ کو ضلع افسران کو خط لکھ کر اس کیس کو ایک عام اسکن بیماری قرار دیا تھا، لیکن متاثرہ بچوں کے نمونوں کے کراچی اوجھا میں واقع سندھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری میں ٹیسٹ کے بعد تین بچوں میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔
منکی پاکس ایک سے دوسرے بچوں میں آسانی سے منتقل ہوتا ہے، جس کے باعث اس کے مزید پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
متاثرہ بچوں کی عمر ایک سال سے بھی کم ہے۔
گذشتہ ماہ، خیرپور کے ایک نجی اسپتال میں بچوں میں چکن پاکس جیسی دانے ابھرنے پر انہیں لایا گیا جہاں غلط تشخیص کے بعد علاج کیا گیا۔
بچوں کی حالت مزید خراب ہونے پر ضلعی ہیلتھ افسران کو آگاہ کیا گیا۔
ابتدائی طور پر ڈائریکٹر جنرل صحت نے مرض کی درست تشخیص کرنے کی بجائے اسے اسکن بیماری قراردیا اور 24 مارچ کو متعلقہ ضلع افسران کو ہدایت دی کہ بچوں میں اسکن بیماری کے لیے اقدامات کریں۔
تاہم بچوں کی حالت میں تشویشناک صورتحال جاری رہنے پر نمونے کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی، اوجھا کیمپس کی سندھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری بھیجے گئے، جہاں 4 اپریل کو منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔
اس تصدیق کے بعد خیرپور میں منکی پاکس وباء کے مزید پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
دیکھیں

