تازہ ترین - 04 اپریل 2026
چاند کے سفر کے دوران خلا سے لی گئی زمین کی حیران کن تصاویر وائرل
تازہ ترین - 04 اپریل 2026
امریکی خلائی ادارے ناسا نے آرٹیمس II مشن کے دوران خلا بازوں کی جانب سے لی گئی زمین کی شاندار تصاویر جاری کر دی ہیں، جو خلا سے زمین کے دلکش مناظر پیش کرتی ہیں۔
یہ تصاویر مشن کے کمانڈر ریڈ وائزمین نے اورائن کیپسول میں موجود کیمرہ سے لیس اپنے ذاتی ٹیبلیٹ کے ذریعے کھینچی ہیں۔
تصاویر میں زمین کا حسین منظر دیکھنے والوں کو حیران کر رہا ہے۔
ناسا کے مطابق ایک تصویر میں سورج کے غروب ہونے پر زمین کے کناروں پر روشنی کی جھلک دیکھی جا سکتی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں شمالی روشنیاں اور زوڈیاکل لائٹ بھی نظر آتی ہیں، جو زمین کی خوبصورتی کو مزید بڑھاتی ہیں۔
ایک اور تصویر میں زمین کے رات کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جہاں مختلف شہروں کی روشنیاں ستاروں کی مانند چمکتی ہیں اور سورج کی روشنی سیارے کے کنارے پر واضح نظر آتی ہے۔
اورائن خلائی جہاز کی کھڑکی سے لی گئی ایک تصویر کو ناسا نے ’’خلا بازوں کی آنکھوں سے دیکھی گئی نیلی زمین‘‘ قرار دیا، جو انسان اور اس کے سیارے کے درمیان تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
مشن اسپیشلسٹ کرسٹینا کوچ نے کہا کہ زمین کو ایک ہی منظر میں دیکھنا ناقابلِ بیان تجربہ ہے۔
دن کی روشنی اور چاندنی میں زمین کا نظارہ انتہائی دلکش ہے۔
کمانڈر ریڈ وائزمین نے بتایا کہ ایک لمحے میں خلا جہاز کا زاویہ ایسا ہوا کہ پوری زمین ایک ساتھ دکھائی دی، جس میں افریقہ، یورپ اور شمالی روشنیاں بھی نظر آئیں۔
انہوں نے اسے اپنی زندگی کا سب سے حیران کن لمحہ قرار دیا۔
کینیڈین خلا باز جیریمی ہینسن نے کہا کہ اتنے خوبصورت مناظر دیکھ کر عملہ اپنا پہلا مشترکہ خلائی کھانا بھی مؤخر کر بیٹھا اور سب کی نظریں کھڑکی سے باہر جمی رہیں۔
ناسا کے مطابق خلا باز مسلسل تصاویر لینے میں مصروف رہے تاکہ یہ نادر مناظر محفوظ کیے جا سکیں اور دنیا کے ساتھ شیئر کیے جا سکیں۔
دیکھیں

