تازہ ترین - 05 اپریل 2026
جیجی حدید کا ایپسٹین فائلز میں نام آنے پر ردعمل، الزامات کو افسوسناک قرار دے دیا
انٹرٹینمنٹ - 05 اپریل 2026
امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے جیفری ایپسٹین سے متعلق فائلز میں اپنا نام آنے کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے سخت ردعمل دیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف کی دستاویزات میں 2015ء کی ایک ای میل میں جیفری ایپسٹین اور ایک نامعلوم شخص کے درمیان بات چیت میں جیجی حدید اور ان کی بہن بیلا حدید کا ذکر آیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔
جیجی حدید نے ایک صارف کے تبصرے کے جواب میں ایپسٹین کو انتہائی گھٹیا انسان قرار دیا اور کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ کسی ایسے شخص نے، جس سے وہ کبھی ملی ہی نہیں، ان کا ذکر کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب یہ ای میل لکھی گئی، ان کی عمر تقریباً 20 یا 21 سال تھی اور ان کا ایپسٹین سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ وہ حقیقی متاثرین کی کہانیوں سے توجہ ہٹانا نہیں چاہتیں، لیکن اپنے بارے میں پھیلائی جانے والی غلط فہمی کو دور کرنا ضروری سمجھتی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق 2015ء کی اس ای میل میں ایک شخص نے حدید بہنوں کی کامیابی پر سوال اٹھایا، جس پر ایپسٹین نے مبہم جواب دیا۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین کو 2019ء میں جنسی اسمگلنگ کے الزامات میں گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں جیل میں مردہ پایا گیا۔
دیکھیں

