ہیڈلائن: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی

news-banner

پاکستان - 06 اپریل 2026

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو سال بعد عام انتخابات 2024 کی مکمل رپورٹ جاری کر دی ہے، جو دو حصوں پر مشتمل ہے۔

 

 پہلے حصے میں پری اور الیکشن ڈے کے اقدامات جبکہ دوسرے حصے میں بعد از انتخابات نتائج اور تجزیہ شامل ہے، جبکہ ملکی و غیر ملکی مبصرین کی آراء بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق انتخابات پر مجموعی طور پر 33 ارب 48 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ پنجاب میں انتخابات میں تاخیر کی وجوہات میں فنڈز کی کمی، سیکیورٹی مسائل، پولنگ کی تاریخ نہ ملنا، عدالتی معاملات اور مردم شماری میں تاخیر شامل ہیں۔

 

 رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات نہ کروانے کے باعث اپنے انتخابی نشان سے محروم رہی۔

 

انتخابات کے وقت 166 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ تھیں جبکہ ساتویں مردم شماری کے بعد 266 قومی اور 593 صوبائی حلقوں میں نئی حلقہ بندیاں کی گئیں۔

 

 ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 76 ہزار 402 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے، جبکہ 10 لاکھ سے زائد انتخابی عملہ تعینات کیا گیا۔

 

رپورٹ کے مطابق ووٹر ٹرن آؤٹ 47.65 فیصد رہا، جہاں 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز میں سے تقریباً 6 کروڑ 12 لاکھ نے ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ نصف سے زیادہ ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا۔ 

 

انٹرنیٹ بندش کے باعث ای ایم ایس سسٹم میں مسائل آئے، تاہم پہلا نتیجہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں دو گھنٹے پہلے موصول ہوا۔