پی آئی اے نے بیجنگ، کوالالمپور اور خلیجی ممالک کے لیے پروازیں معطل کر دیں؛ یو اے ای کے آپریشن محدود

news-banner

کاروبار - 06 اپریل 2026

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بیجنگ اور کوالالمپور کے آپریشن بالترتیب 11 اور 14 اپریل سے معطل کر رہی ہے۔ 

 

خلیجی ممالک کی پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کی جائیں گی، تاہم متحدہ عرب امارات کے لیے ہفتہ وار پروازیں 16 تک محدود رہیں گی۔

 

پی آئی اے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ نقصانات کے سدباب کے لیے اقدامات طے کیے گئے۔ 

 

اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈسکاؤنٹس ختم کیے جائیں گے، صرف بچوں اور نوزائیدہ بچوں کو رعایت دی جائے گی۔

 

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ مہنگے جیٹ فیول میں چوتھی بار اضافے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

 

 چونکہ ایندھن کی مکمل قیمت مسافروں پر نہیں ڈالی جا سکتی، اس لیے سخت انتظامی فیصلے کیے گئے ہیں۔ 

 

امید ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ایندھن کی قیمتیں معمول پر آئیں تو متاثرہ روٹس دوبارہ بحال کر دی جائیں گی۔

 

حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت پی آئی اے نے ایک نیا سرکلر بھی جاری کیا ہے جس میں مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال اور ایندھن کی بلند قیمتوں کے باعث کارگو شپمنٹس پر وار رسک چارجز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

 

سرکلر میں کہا گیا کہ رن وے تک ٹیکسی کرتے وقت ایک انجن استعمال کیا جائے، ڈومیسٹک اور سعودی پروازوں میں مسافروں کے لیے کھانے محدود کیے جائیں، اور ایمرجنسی کے سوا الیکٹرک جنریٹر استعمال نہ کیا جائے تاکہ ایندھن کی بچت ہو۔