دنیا - 09 اپریل 2026
ٹانک میں آپریشن، فتنہ الخوارج کے 2 اہم کمانڈرز ہلاک
پاکستان - 09 اپریل 2026
خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے ایک مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 2 اہم کمانڈرز کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی بلتان آباد کے علاقے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں مطلوب عناصر کی موجودگی کی تصدیق کے بعد فوری اور مؤثر آپریشن کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خوارج کے اہم کمانڈر ’خار‘ اور ’سیف الرحمان‘ شامل ہیں، جو علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ان عناصر کی سرگرمیاں نہ صرف مقامی امن کے لیے خطرہ تھیں بلکہ انہوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا رکھا تھا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق خوارج ایک ایسا گروہ ہے جو معاشرے میں بدامنی، خونریزی اور انتشار کو فروغ دیتا ہے۔ ان کے اقدامات سے نہ صرف امن متاثر ہوتا ہے بلکہ معمولاتِ زندگی بھی مفلوج ہوکر رہ جاتے ہیں، جس سے سماجی استحکام کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رکھا جائے گا۔
سکیورٹی ادارے پوری پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی اور قربانی کے جذبے کے ساتھ عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے نہ صرف خوارج کے نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ ان کی نقل و حرکت اور صلاحیت کو بھی محدود کیا جارہا ہے۔
حالیہ کارروائی سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ملک میں خوارج کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
دیکھیں

