پاکستان - 11 اپریل 2026
شہباز شریف سےامریکی نائب صدر اور ایرانی وفد کی ملاقاتیں
تازہ ترین - 11 اپریل 2026
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں امریکی نائب صدر کے ہمراہ صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیرِ داخلہ سینیٹر سید محسن رضا نقوی موجود تھے۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں وفود کی تعمیری انداز میں بات چیت کے عزم کو سراہتے ہوئے وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے دونوں فریقوں کی پیش رفت میں اپنی سہولت کاری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
علاوہ ازیں پاکستانی حکومت کے ذرائع نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ امریکہ سے مذاکرات کے لیے آنے والے ایرانی وفد کے ارکان نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
سرکاری ایرانی ریڈیو و ٹیلی وژن ادارے نے بتایا ہے کہ یہ ملاقات ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی تفصیلات طے کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔
دیکھیں

