پاک فوج کے لڑاکا طیارے کنگ عبدالعزیز ایئربیس پہنچ گئے، سعودی وزارت دفاع

news-banner

تازہ ترین - 11 اپریل 2026

سعودی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی ایک عسکری قوت مشترکہ دفاعی اسٹریٹجک معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ گئی ہے۔ 

 

بیان کے مطابق ایئربیس مملکت کے مشرقی سیکٹر میں واقع ہے اور یہ تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان طے شدہ دفاعی تعاون کا حصہ ہے۔

 

 سعودی وزارت دفاع کے مطابق یہ پاکستانی دستہ لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جو پاک فضائیہ سے تعلق رکھتے ہیں، اور اس کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عسکری ہم آہنگی کو فروغ دینا، آپریشنل تیاری کی سطح کو بلند کرنا، اور علاقائی وبین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کو تقویت دینا ہے۔

 

 واضح رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی دفاع کا معاہدہ گزشتہ سال ستمبر میں طے پایا، اس اہم تزویراتی دفاعی معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سلامتی تعاون کو مزید گہرا کرنا اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنا ہے۔