وفاقی وزیر خزانہ کی سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات

news-banner

تازہ ترین - 14 اپریل 2026

واشنگٹن ڈی سی میں جاری ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمان المرشد سے اہم ملاقات کی۔

 

 ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے سعودی فنڈ برائے ترقی کی مسلسل معاونت پر اظہارِ تشکر کیا اور مستقبل میں ترقیاتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

 انہوں نے سعودی عرب کے وزیر خزانہ کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی،اس کے عالمی توانائی سلامتی پر اثرات اور ممکنہ معاشی نتائج پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

 وزیر خزانہ نے اس تنازع کے جلد اور پرامن حل کی امید ظاہر کرتے ہوئے خطے میں استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ 

 

وزیر خزانہ کی ایک آئی جی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر تسوتومو یاماموتو سے ملاقات وفاقی وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں 2026 کے موقع پر ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے منیجنگ ڈائریکٹر، مسٹر تسوتومو یاماموتو سے ملاقات کی۔ 

 

وزیر خزانہ نے ایم آئی جی اے کی جانب سے حجم 500 ملین امریکی ڈالر کی مجوزہ قلیل مدتی تجارتی مالیاتی سہولت کا خیرمقدم کیا وزیر خزانہ اسے خوراک، کھاد، توانائی اور ضروری مشینری سمیت اہم درآمدات کی مالی اعانت کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ 

 

وزیر خزانہ نے اس سہولت پر پیش رفت کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان کی بیرونی مالیاتی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے جاری ثالثی مقدمات اور ان سے وابستہ مالیاتی اثرات کا بھی ذکر کیا۔ وزیر خزانہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ایم آئی جی اے کی غیر جانبدار سہولت کاری خوشگوار حل کے حصول میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کے تحفظ اور قومی مفادات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

 

 حکومت کے پائیدار سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی استحکام کو برقرار رکھنے کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر خزانہ نے ایم آئی جی اے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے اور سازگار سرمایہ کاری ماحول کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا