امریکی و اسرائیلی حملوں سے 270 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: ایران کا دعویٰ

news-banner

دنیا - 14 اپریل 2026

ایرانی حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے نتیجے میں ملک کو ہونے والے نقصان کا ابتدائی تخمینہ تقریباً 270 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ 

 

ترک میڈیا کے مطابق ایرانی حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے روسی خبر رساں ادارے آر آئی اے نووستی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعداد و شمار حتمی نہیں ہیں اور ابتدائی جائزوں پر مبنی ہیں۔ 

 

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ ایرانی مذاکراتی وفد کی جانب سے اسلام آباد مذاکرات میں بھی زیرِ غور اہم امور میں سے ایک جنگی معاوضوں کا معاملہ ہے۔

 

 ترجمان کے مطابق 270 ارب ڈالر کا تخمینہ حتمی نہیں ہے اور نقصانات کا جائزہ مختلف سطحوں پر لیا جا رہا ہے۔

 

 واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ حملے کیے، جن میں ہزاروں افراد کے شہید اور زخمی ہوئے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی تھی۔

 

بعدازاں ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل، عراق، اردن اور ان خلیجی ممالک پر حملے کیے جہاں امریکی فوجی اڈے موجود تھے، جس کے بعد گزشتہ ہفتے دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

 

 ایران اور امریکا کے وفود نے دارالحکومت اسلام آباد میں 21 گھنٹے طویل مذاکرات کیے، تاہم بات چیت کسی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئی۔